کھلاڑی، شوبز ستارے زینب کی موت پر اشکبار

کھلاڑی، شوبز ستارے زینب کی موت پر اشکبار


لاہور (24 نیوز) ننھی زینب کے قتل سے ہر پاکستانی کا دل زخموں سے چور، پاکستان کرکٹ اور شوبز کے ستاروں کا زینب کے ساتھ ہونے والی سفاکی پر شدید دکھ کا اظہار۔

کرکٹر اظہرعلی نے ٹویٹ کیا کہ ہمارا معاشرہ کس طرف جارہا ہے۔ زینب کو فوری انصاف ملنا چاہئے۔۔ جنید خان نے کہا کہ یہ خبر سن کر میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔ یقین نہیں آتا کہ ملزم ابھی تک آزاد پھر رہا ہے۔ محمد عامر نے ٹویٹ پیغام دیا کہ ان کا دل رو رہا ہے۔ سمجھ نہیں آتا کہ ہم کس معاشرے میں جی رہے ہیں۔

محمد حفیظ نے لکھا کہ وہ ایک باپ ہوتے ہوئے زینب کے والدین کا دکھ سمجھ سکتے ہیں۔ حکومت مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچائے۔ شاداب خان نے کہا کہ زینب کے والدین کوانصاف ملنا چاہئے۔ معاشرے کو ان جرائم کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔

وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہی نہیں آتا یہ سب کچھ ہمارے پاکستان میں ہو رہا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ زینب کے والدین کو صبر عطا کرے۔

سابق کپتان وقار یونس نے ٹویٹ کیا کہ زینب تو ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی بیٹی کا نام تھا۔ ظالم درندے نے اس زینب نام والی بچی کے ساتھ کیا کیا۔

معصوم کلی زینب کے مسلے جانے پر اداکار بھی پھٹ پڑے۔ اداکار فیصل قریشی نے کہا کہ زینب تمہارے ساتھ جو ہوا، میں اس پرشرمندہ ہوں لیکن میری دعا ہے کہ اس ظالم درندے کی موت بہت دردناک ہو۔

اداکارہ ماہرہ خان نے ٹویٹ کیا کہ اللہ کے واسطے اس درندے کو پکڑ کر عبرت کا نشان بنا دو۔ اداکار فہد مصطفیٰ نے ٹویٹ کیا کہ میری بچی میں بہت دکھ میں ہوں لیکن امید ہے کہ تمہارے ساتھ انصاف ہوگا۔

24نیوز نے خصوصی کاوش کی اور سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ "جسٹس فار زینب" بنایا ہے، جو اس وقت ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے۔

مزید اس ویڈیو میں: