شمالی و جنوبی کوریا کے درمیان مذاکرات کے انعقاد پر اتفاق

شمالی و جنوبی کوریا کے درمیان مذاکرات کے انعقاد پر اتفاق


پیانگ یانگ (24 نیوز)  شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات میں گزشتہ دو برس سے جمی برف پگھلنے لگی، دونوں ملکوں نے سرحدی کشیدگی کم کرنے کے لیے عسکری مذاکرات کے انعقاد پر اتفاق کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران ہونے والے پہلے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شمالی و جنوبی کوریا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سرحد پر کشیدگی کو کم کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں دونوں ملکوں کے درمیان دو برس سے معطل عسکری ہاٹ لائن بحال کی جائے گی۔

علاوہ ازیں شمالی کوریا نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ وہ آئندہ ماہ فروری میں جنوبی کوریا میں ہونے والے سرمائی اولمپکس میں بھی اپنا وفد بھیجے گا۔

مذاکرات میں شریک جنوبی کورین وفد نے بتایا کہ بات چیت کے دوران شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کا معاملہ بھی زیر بحث آیا تاہم اس معاملہ پر شمالی کوریا کا رویہ منفی تھا۔

امریکہ نے شمالی و جنوبی کوریا کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا محتاط طریقہ سے خیر مقدم کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکہ جنوبی کورین حکام سے رابطہ میں ہے اور انہیں یہ بات یقینی بنانی ہوگی کہ شمالی کوریا کی ونٹر اولمپکس میں شرکت سے اقوام متحدہ کی پابندیاں متاثر نہ ہوں۔

جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے وفد کی ونٹر اولمپکس میں شرکت کو سہل بنانے کے لیے اقوام متحدہ کی مشاورت سے بعض پابندیاں عارضی طور پر ختم کرنے پر غور کررہا ہے۔

شمالی و جنوبی کوریا میں مذاکرات دونوں ملکوں کی سرحد کے درمیان غیر عسکری علاقہ پین منجوم ’’پِیس ولیج‘‘ میں منعقد ہوئے جس میں دونوں ملکوں کے پانچ پانچ سینئر عہدہ داروں نے شرکت کی جبکہ دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے ویڈیو لنک کے ذریعہ ان مذاکرات کو دیکھا۔