کیویز کو ٹی 20سیریز میں شکست دینے کیلئے شاہینوں کے15رکنی سکواڈ کا اعلان


لاہور (24 نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈسلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ احمدشہزاد اور عمر امین ٹیم میں شامل، صہیب مقصود اور عماد وسیم فٹنس مسائل باعث ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔

 تفصیلات کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی نے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے مشاورت کے بعد کیویز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ فٹنس مسائل پر قابو نہ پاسکنے پرمڈل آرڈر بلے بازصہیب مقصود اور آل راؤنڈر عماد وسیم ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔

قومی سلیکشن کمیٹی کی طرف سےاعلان کردہ سکواڈ میں کپتان سرفراز احمد ،عمر امین ،فخر زمان، احمد شہزاد، بابر اعظم، محمد حفیظ ، شعیب ملک، شاداب خان، فہیم اشرف، عامر یامین، حسن علی، محمدعامر، رومان رئیس، محمد نواز اور حارث سہیل کو شامل کیا گیاہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان 22 ،25 اور 28 جنوری کو ویلنگٹن ،آکلینڈ اور ماؤنٹ ماؤنگونی میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔