زینب واقعہ پر جے آئی ٹی تشکیل، جتنی مذمت کی جائے کم ہے: شہباز شریف


لاہور (24 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے قصور میں کم سن بچی کے قتل کے اندوہناک واقعہ پر نوٹس لیتے ہوئےکہا ہے کہ قصور کے دلخراش واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، درندہ صفت ملزم قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائے گا۔

وزیراعلی کا کہنا تھا کہ قصور کے دلخراش واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ درندہ صفت ملزم قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کمسن بچی کے خاندان کو انصاف دلانا ان کی ذمہ داری ہے۔ قانون کے مطابق انصاف ہو گا اورمتاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

دریں اثناء وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے قصورمیں پیش آنےوالےافسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی ابو بکر خدابخش ہوں گے اورمشترکہ تحقیقاتی ٹیم 24 گھنٹے میں وزیر اعلیٰ کو رپورٹ پیش کرے گی۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نوازنے احکامات جاری کرتے ہوئے ڈی پی اوخانیوال زاہدنوازمروت کو تبدیل کرکے ڈی پی اوقصورتعینات کردیا ہے۔