لاہور: ایئرپورٹ انتظامیہ نے 10کروڑ مالیت کی ہیروئن سمگلنگ ناکام بنا دی

لاہور: ایئرپورٹ انتظامیہ نے 10کروڑ مالیت کی ہیروئن سمگلنگ ناکام بنا دی


لاہور (24 نیوز) ایئرپورٹ پر کسٹمز عملہ نے کارروائی کرتے ہوئے غیرملکی خاتون کو ہیروئین سمگل کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ خاتون سے نو کلو ہیروئین برآمد کر لی۔

  ایئرپورٹ کسٹمز ذرائع کے مطابق اتحاد ایئرلائنز کی ابوظہبی جانے والی پرواز 242 کے مسافروں کی معمول کی چیکنگ جاری تھی۔ اس دوران چیک ری پبلک سے تعلق رکھنے والی21سالہ دوشیزہ ٹریزا ہلسکووا ایئرپورٹ پہنچی جس کے سامان کی تلاشی کے دوران کسٹمز عملہ نے10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی نو کلو ہیروئین برآمد کر لی۔

ابتدائی تفتیش کے بعد کسٹمز عملہ نے گرفتار غیر ملکی دوشیزہ ٹریزا ہلسکووا کو لاہور ایئرپورٹ سے کسٹمز ہاؤس منتقل کر دیا۔ جہاں اس کے خلاف ہیروئین سمگلنگ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چیک ری پبلک سے تعلق رکھنے والی21 سالہ ٹریزا ہلُسکووا نے کسٹمز کے ہاتھوں پکڑے جانے سے پہلے اے ایس ایف اور اے این ایف سے بھی اپنی تلاشی کرائی لیکن دونوں کو چکمہ دینے میں کامیاب رہی۔ ملزمہ نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔