ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 24 کروڑ ڈالر کی کمی

ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 24 کروڑ ڈالر کی کمی


اسلام آباد(24نیوز) یواےای اور چین سے تو ابھی ڈالر نہیں پہنچے لیکن ملکی زرمبادلہ میں کمی کا سلسلہ نئے سال میں بھی جاری رہا، ہفتے کے دوران مجموعی ذخائر میں مزید 24 کروڑ ڈالر کی کمی ہو گئی۔

 اسٹیٹ بینک کے مطابق جنوری کے پہلے ہفتے کے دوران غیرملکی قرضوں کی واپسی، سود اور دوسری سرکاری ادائیگیوں کے باعث مرکزی بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر میں 23 کروڑ 88 لاکھ ڈالر کی کمی رکارڈ کی گئی جس سے مرکزی بینک کے پاس 7 ارب 4 کروڑ 87 لاکھ ڈالر رہ گئے جو صرف 6 سے 7 ہفتوں کی درآمدات کے برابر ہیں۔

اس دوران کمرشل بینکوں کے پاس ذخائر میں بھی 20 لاکھ ڈالر کی کمی رکارڈ کی گئی، اور ان کا حجم 6 ارب 54 کروڑ 83 لاکھ ڈالر ہوگیا، جس کے باعث زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر24 کروڑ 8 لاکھ ڈالر کی کمی سے 13 ارب 59 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہ گئے، رواں مالی سال کے دوران دو ارب ڈالر کے نئے قرضے کے باوجود 6 ماہ کے دوران زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں 2 ارب 81 کروڑ ڈالر کی کمی ہو چکی ہے۔

وقار نیازی(Waqar Niazi)

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔