الیکشن کمیشن نے تمام بلدیاتی سربراہان 25جولائی تک معطل کر دیے


اسلام آباد( 24نیوز ) الیکشن کمیشن نے پاک فوج کے افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات تفویض کردیے۔ پاک فوج، سول آرمڈ فورسز کے افسران کو 23 سے 27 جولائی تک مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات ہونگے۔

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے پیش نظر بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کو 25جولائی تک معطل کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات تفویض کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفیکیشن کے مطابق پاک فوج کے افسران کو 23 سے 27 جولائی تک مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات ہونگے۔ کسی بھی بے ضابطگی کی صورت پر مجسٹریٹ درجہ اول کے حامل افسران موقعہ پر سزا سنا سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ہماری کسی سیاسی جماعت سےکوئی وفاداری نہیں: ترجمان پاک فوج

ماضی میں بھی پاک فوج کے افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیے رہے۔ آئین کے آرٹیکل 220 اور 245 کو استعمال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے اختیارات دیے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھرکے تمام میئرز، ڈپٹی میئرز، چیئرمین وائس چیئرمین اور کنٹونمنٹ بورڈزکے سربراہان 25 جولائی تک معطل رہیں گے، اس کے ساتھ ساتھ میٹرو پولیٹن کارپوریشنز، میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیز، یونین کونسلز کے تمام عہدے دار بھی عام انتخابات تک معطل رہیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی اداروں کے سربراہان کو معطل کرنے کا مقصد الیکشن کوشفاف بنانا ہے۔