سعودی اتحادی افواج نے ڈرون مار گرایا

سعودی اتحادی افواج نے ڈرون مار گرایا


ریاض( 24نیوز ) یمن میں برسرپیکار حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر مسلسل ڈرون حملوں کی کوششیں کی جارہی ہیں، اتحادی افواج نے ایک بار پھر حوثیوں کا ڈرون مار گرایا۔

تفصیلات کے مطابق  یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد نے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ گذشتہ روز ایک ڈرون طیارے کو مار گرایا گیا، یہ طیارہ حوثیوں نے سعودی عرب کی سمت بھیجا تھا، عرب اتحاد کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے دہشت گردانہ مجرمانہ روش کے تحت ڈرون طیارے بھیجے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی معاندانہ کارروائیاں کرنا ہیں، یہ طیارے اپنے اہداف پورے نہیں کر سکے اور انہیں تباہ کر کے مار گرایا جا رہا ہے،حوثی باغیوں کے خلاف بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق سخت ترین جوابی منہ توڑ کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی بحریہ کا کہنا ہے کہ اس نے گذشتہ روز حوثیوں کی جانب سے بحر احمر کے جنوب میں ایک تجارتی بحری جہاز کو نشانہ بنانے کی دہشت گردانہ کوشش کو ناکام بنا دیا،اتحاد کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی کے مطابق بحری جہاز کو نشانہ بنانے کی کوشش بلیو فش ساخت کی دھماکا خیز مواد سے بھری کشتی کے ذریعے کی گئی۔

عرب اتحاد کی فورسز نے دوران نقل و حرکت اس کشتی کا پتہ چلا لیا اور اسے تباہ کر دیا۔