علی ترین کا عام انتخابات سے دستبرداری کا اعلان


لودھراں (24نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے عام انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی ترین نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انھوں نے انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کیا۔انھوں نے کہا کہ ٹکٹ اس امیدوار کو ملنا چاہیے جو بہترین امیدوار ہے اور بہترین امیدوار وہ ہے جو صبح دوپہر شام رات اپنی پارٹی کے لیے محنت کرتا ہے، جو ووٹرز کے پاس جاتا ہے اور انہیں متحرک کرتا ہے۔ علی ترین نے کہا کہ پچھلے الیکشن میں ہم نے مل کر محنت کی تھی، الیکشن تو ہم نہیں جیت پائے لیکن حکومت کے خلاف 90 ہزار ووٹ حاصل کیے جوبہت بڑی جیت تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے ٹکٹوں کی تقسیم کی نئی لسٹ جاری کردی

علی ترین ترین نے کہا کہ وہ اس وقت آکسفورڈ یونیورسٹی سے ماسٹرز کر رہے ہیں جو ستمبر میں مکمل ہونا ہے اور الیکشن جولائی میں آ رہے ہیں یعنی جون اور جولائی انتخابی مہم کے مہینے ہیں اس لیے میری مجبوری ہے کہ میں اس مہم میں وقت نہیں دے سکتا۔ ان کا کہنا تھا میں اپنا 100 فیصد وقت انتخابی مہم میں نہیں دے سکتا اس لیے سمجھتا ہوں کہ میں پارٹی ٹکٹ کا حقدار نہیں ہوں۔

جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے عوام سے اپیل کی کہ پی ٹی آئی جس امیدوار کو بھی منتخب کرے آپ اس کی حمایت کریں اور اسے جتوائیں۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔