مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم کو آڑے ہاتھوں لے لیا

مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم کو آڑے ہاتھوں لے لیا


اسلام آباد(24نیوز) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا، قوم سے پیغام پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ عمران صاحب آپ کو جب بھی بڑے جھوٹ کا ریکارڈ بنانا ہوتا ہے تو آپ ریکارڈ کرا کر پیغام دیتے ہیں،عمران خان کو تو اب جھوٹ بولنے کی مہارت ہے، پارلیمنٹ میں آ کر لائیو جھوٹ بولا کریں، وہ پارلیمنٹ آنے سے اس لئے ڈرتے ہیں کیونکہ انہوں نے ووٹ چوری کیا ہے۔

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ عمران صاحب نے پھر نہیں بتایا کہ 10 ماہ میں آپ نے 30 ہزار ارب قرضہ لیا اور ایک اینٹ نہیں لگائی، مسلم لیگ ن نے قرضہ لیا جو ہر ملک لیتا ہے، عمران صاحب یہ بھی بتانا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے قرضہ لیا ملک کو 11 ہزار میگاواٹ بجلی دی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب یہ بھی بتانا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے 10 ہزار کلو میٹر کی موٹر ویز اور سڑکوں کا جال دیا، دہشت گردی ختم کی اور صحت و تعلیم کے پراجیکٹ دیے۔ عمران صاحب آپ نے ایک سال پہلے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی ایمنسٹی سے فائدہ اُٹھانے والوں کو جیلوں میں ڈالیں گے، آج کل علیمہ باجی کس جیل میں ہیں، علیمہ باجی، جہانگیر ترین اور دیگر احباب کو پیغام تھا مزید بے نامی اثاثے حلال کریں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اپنے اثاثے 1.4 ارب کے اور ٹیکس ایک لاکھ روپیہ ہے، عمران خان آپ بھی اپنی تمام بیوی، بچوں اور بہنوں کے اثاثے ظاہر کریں۔ عمران صاحب عوام سمجھتے ہیں وزیرعظم جھوٹا، نالائق، نااہل اور آپ کے بقول چور ہے، آپ نے یہ نہیں بتایا قوم سےکئے پہلے وعدوں کا کیا ہوا، اُس کا جواب کون دےگا، نہیں بتایا آئی ایم ایف کا بنایا بجٹ پاکستانی عوام کی جیبیں خالی کرے گا۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer