دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان اور ایران کا انٹیلی جنس تعاون بڑھانے پر اتفاق

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان اور ایران کا انٹیلی جنس تعاون بڑھانے پر اتفاق


اسلام آباد( 24 نیوز ) وزیراعظم عمران خان کا ایرانی صدر حسن روحانی کو ٹیلی فونک رابطہ، پاک بھارت کشیدگی اور پاکستان کے امن اقدامات پر آگاہ کیا، وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر پر ایران کی حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا، دہشتگردی واقعہ میں 27 ایرانی بارڈر گارڈز کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں وزیراعظم نے ایرانی صدر کو خطے کی موجودہ صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور وزیراعظم عمران خان کے مستقبل قریب میں دورہ ایران کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماﺅں نے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے انٹیلی جنس اداروں میں تعاون ضروری ہے۔

ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے موجودہ صورتحال میں ایران کے کردار پر تبادلہ خیال کیا اور وزیراعظم عمران خان نے ایسی صورتحال میں برادر ممالک کے مثبت کردار پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کشمیری عوام کی اخلاقی حمایت کرنے پر ایرانی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ عمران خان نے ایران میں ہونے والے حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر ایرانی صدر کے ساتھ اظہار تعزیت بھی کیا۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر اور پڑوسی ممالک ہیں جن کے عوام کے مابین تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کا خطے میں قیام امن کیلئے کلیدی کردار ہے، خطے میں اقتصادی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔