"اتحادی حکومت میں شکوے شکایت ہوتے ہیں، گلے نہ کیے جائیں تو غصہ ووٹ پر اترتا ہے"


لاہور(24نیوز) پرویز الہیٰ ، طارق بشیر چیمہ نے جہانگیر ترین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ چودھری سرور کو کنٹرول کریں، مہربانی کریں ورنہ یہ  آپ کے چیف منسٹرکو  بھی نہیں چلنے دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر جہانگیر ترین ، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور  پنجاب کے وزیر معدنیات حافظ عمار کی ملاقات ہوئی ۔ اس  اہم ملاقات میں سینیٹ انتخابات سمیت اہم مشورے کیے گئے، اس موقع پر طارق بشیر چیمہ نے جہانگیر ترین سے شکوہ کیا کہ یار یہ چودھری سرور کو کنٹرول کریں، وہ میرے حلقے میں مداخلت کررہے ہیں، یہ آپ کے وزیر اعلیٰ کو بھی نہیں چلنے دیں گے۔ اس بات پر چودھری پرویزالہٰی نے بھی طارق بشیر کی  حمایت کی۔

جہانگیر ترین سے ملاقات کا ویڈیو کلپ سامنے آنے کے بعد  اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا  کہ چودھری سرور اچھے دوست ہیں، وہ گورنررہیں گے، جوتحفظات ہیں وہ دور ہوجائیں گے، قیادت سے گلے شکوے نہ ہوں توغصہ سیکرٹ بیلٹ پر اترتاہے، چیمہ صاحب کھرے آدمی ہیں، جودیکھتے ہیں بیان کردیتے ہیں،سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کابھرپور ساتھ دینگے۔

انھوں نے کہا کہ بات چیت سے ہی شکوے شکایات دور ہوتے ہیں، اندرونی میٹنگز میں اسی طرح کی باتیں ہوتی ہیں مگر گھر کی بات باہر نہیں آنی چاہیے۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔