عید میلاد النبیﷺ پر صدر،وزیر اعظم کی مسلمانوں کو مبارکباد

 عید میلاد النبیﷺ پر صدر،وزیر اعظم کی مسلمانوں کو مبارکباد


اسلام آباد(24 نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر تمام مسلمانوں کو  مبارکباد پیش کی ہے،انہوں نے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن مسملمانوں کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے دعا ہے یہ دن ہماری زندگیوں میں بار بار آئے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ تاریخ انسانیت کی پہلی فلاحی ریاست کا تصور سب سے پہلے اسلام نے دیا، دعا ہے  ایسے مہینے ہماری زندگی میں بار بار آتے رہیں۔حضور کی زندگی اپنے اندر اعلیٰ اخلاق کی ایک دنیا لیے ہوئے ہے، آپﷺ نے تو دشمنوں سے بھی خود کو صادق و امین کہلوایا۔

وزیراعظم  نے کہا کہ آپ ﷺ نے اپنے حسن انتظام سے روئے زمین پر مثالی ریاست قائم کی، مدینےکی ریاست میں ہر مذہب کے ماننے والوں کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کی آزادی تھی، دعا ہے اللہ تعالیٰ ہمیں اس نیک مقصدکےحصول میں کامیاب فرمائے۔

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے بھی عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر قوم کے نام پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے حضرت محمدﷺ کے یوم ولادت پراہل وطن کو مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ بارگاہ ایزدی میں دعا ہے کہ یہ ماہ مبارک ہم سب کیلئے باعثِ رحمت وبرکت ثابت ہو، آپﷺ کائنات کی وہ عظیم ترین شخصیت ہیں جس کی نظیر ازل سے ابد تک ممکن نہیں، ہماری کوشش ہے کہ ہم ریاست مدینہ کے نمونہ سے پوری طرح سے رہنمائی حاصل کریں،کوشش ہے کہ وطن عزیز کو ایک فلاحی ریاست کے سانچے میں ڈھالیں، مختلف شعبہ جات میں معاشی اور معاشرتی اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل جاری ہے، تمام اہل وطن بالخصوص علماء وطن عزیز کوفلاحی ریاست بنانے کےلیے کردار  ادا کریں۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں آج جشنِ ولادت رسول ﷺ شایان شان طریقے سے مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے اور عاشقان رسول ﷺ اپنے اپنے انداز میں محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer