شہباز شریف کی گرفتاری کیخلاف اپوزیشن کا پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج

شہباز شریف کی گرفتاری کیخلاف اپوزیشن کا پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج


لاہور( 24نیوز )سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی گرفتاری کیخلاف اپوزیشن ارکان نے پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج شروع کردیا ہے،دروازہ بند ہونے پر گیٹ پر ہی دھرنا دے دیا ہے،ارکان اسمبلی ”گو عمران گو،رو عمران ر“ کے نعرے لگا رہے ہیں ۔

اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازنے وزیر اعظم کو للکارتے ہوئے خطاب میں کہا ہے کہ نیازی صاحب یہ وقت آپ بھی آسکتا ہے،علیمہ کا کیس کھلا تو آپ بھی جیل جاسکتے ہیں،وہ خطاب کے دوران پرچیاں نکالتے رہے ،انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کل بھی عوام کے دل میں بستا تھا آج بھی بستا ہے،نیازی صاحب نے زندگی میں سچ بولنے کی ہمت نہیں کی۔

اس سے قبل ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کا پنجاب اسمبلی کے باہر رکاوٹیں اور راستے بند کرنے کا اقدام قابل مذمت ہے۔ کسی بھی منفی صورتحال کے ذمہ دار سپیکر پنجاب اسمبلی اور حکومت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارکان پارلیمان کو روکنا حکومت کی گھبراہٹ اور غیرجمہوری روئیے کا واضح ثبوت ہے۔ ارکان پنجاب اسمبلی کو جمہوری حق کے اظہار سے روکنا حکومتی بوکھلاہٹ اور خوف ہے۔

ان کاکہناتھا کہ ملک وقوم اور ان کی حکومت نے پانچ سال دھرنے ، گالی اورانتشار برداشت کیا جبکہ ارکان اسمبلی کا پر امن اجتماع اپنے قائد شہبازشریف سے اظہار یکجہتی کے لئے ہے جوہو کر رہے گا۔