دبئی ٹیسٹ، قومی ٹیم کی پوزیشن مستحکم

دبئی ٹیسٹ، قومی ٹیم کی پوزیشن مستحکم


دبئی(24نیوز) دبئی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی پوزیشن مستحکم ہے، قومی ٹیم کے چار سو باسٹھ رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں ایک سو چھتیس رنز بنالیے ہیں اور اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہیں،مہمان ٹیم کو جیت کے لیے مزید تین سو چھبیس رنز جبکہ پاکستان کو سات وکٹ درکار ہیں۔

دبئی میں جاری پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو امام الحق اور حارث سہیل نے ٹیم کا اسکور 110 تک پہنچا،امام الحق 48 اور حارث سہیل 39 رنز بناسکے۔اسد شفیق 181 کے مجموعے پر 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کپتان نے اننگز ڈکلئیر کر دی،قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 462 رنز کا ہدف دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے جون ہولاند نے 3، نیتھن لیون اور لیبسچگنی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم مشکلات کا شکار رہی،محمد عباس نے تین آسٹریلوی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی،ایرون فنچ کو ایل بی ڈبلیو کیا،شان مارش کو وکٹوں کےپیچھےکیچ آؤٹ کرایا، مچل مارش کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ نے محتاط انداز سے ٹیم کا 136 تک بڑھایا، دن کے اختتام پر عثمان خواجہ 50 اور ٹریوس ہیڈ 34 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں.

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔