ہندوستانی فاشسٹ حکومت نے تمام حدیں پار کردی ہیں,راحیل شریف

 ہندوستانی فاشسٹ حکومت نے تمام حدیں پار کردی ہیں,راحیل شریف


ریاض(24 نیوز) سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کی تقریب منعقد کی گئی جس میں اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل راحیل شریف کے علاوہ مختلف ممالک کے سفیروں اور ملٹری اتاشی نے شرکت کی۔

سعودی دارلحکومت ریاض میں منعقد ہونے والی یوم دفاع پاکستان کی تقریب میں چین، یوکے، نائجیریا، انڈونشیا، ملائشیا،سوڈان، ویت نام اور دیگر اہم ممالک کے سفیروں اور ملٹری اتاشی شریک ہوئے جبکہ اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر سعودی فوجی اتحاد کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نریندر مودی کی سربراہی میں ہندوستانی فاشسٹ حکومت نے تمام حدیں پار کردی ہیں، جنگ ستمبر کے دوران مسلح افواج کا قومی جذبہ اور بہادری بے مثال تھا، تمام شہدا کو مادر وطن کے لئے اپنی جانیں دینے پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور مسلمانوں کی نسل کشی پر عالمی برادری کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،  پاک فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ عزت کے ساتھ کرسکتی ہے۔

سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف  کا مزید کہنا تھا کہکشمیر تقسیم کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے، خطے میں استحکام لیے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ہوگا۔وزیر اعظم عمران خان، بہادر مسلح افواج اور کشمیر کے مقصد کے لئے پاکستانی عوام کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

اس موقع پر پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج پیشہ ورانہ مہارت رکھتی ہے جس نے ضرب عضب اور ردالفساد جیسے کامیاب آپریشن کرکے ملک کو دہشت گردوں سے پاک کیا ہے پاکستان کی تینوں مسلح افواج جہاں ملک کی سرحدوں کی حفاطت کو یقینی بنا رہی ہے وہیں پر خطے میں امن قائم رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے کشمیری عوام گزشتہ ایک ماہ سے بھارتی فوج کے کرفیو کے باعث یرغمال ہو کر رہ گئے ہیں اقوام عالم کو چاہئیے کہ وہ اس جانب توجہ دے اور مسلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروائے۔

سفارت خانہ پاکستان کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر ہارون اسحاق راجہ نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج ملک کی حفاظت کو یقینی بنائے گی اور اگر بھارت نے جارحیت کی تو اسکا منہ توڑ جواب دیا جاے گا پاکستان آرمی نے دنیا بھر میں امن فوج میں بھی بے مثال کردار ادا کیا ہے جس کو پوری دنیا سراہتی ہے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer