نگران وزیراعظم:عباسی ،خورشید شاہ ملاقات


اسلام آباد( 24نیوز ) نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کی ملاقات میں کئی نام زیرِ غور آئے۔
دونوں رہنماوں کے درمیان یہ تیسری باضابطہ ملاقات تھی، وزیراعظم ہاوس میں ہونے والی اس ملاقات میں شاہد خاقان عباسی نے اپوزیشن لیڈر کو حکومتی جماعت اور اتحادیوں کی رائے سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں رواں ماہ پیش کیے جانے والے نئے مالی سال کے بجٹ اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ آئندہ ماہ 31 مئی کو موجودہ حکومت کی 5 سالہ مدت ختم ہونے جارہی ہے، جس کے بعد ایک عبوری حکومت تشکیل دی جائے گی جو جولائی یا اگست کے پہلے ہفتے میں ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے انتظامات دیکھے گی۔
آئین پاکستان کی رو سے وزیراعظم ، قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے نگراں وزیراعظم کا تقرر کرتے ہیں،مشاورت کے بعد وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر 3،3 نام دیں گے، جن میں سے پھر ایک متفقہ امیدوار کو نگراں وزیراعظم بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اڈیالہ جیل کی صفائیاں، ان کو کیسے معلوم کوئی آرہا ہے: نواز شریف
خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوشش ہے کہ پندرہ مئی تک نگران وزیر اعظم کا نام فائنل ہوجائے،وزیر اعظم سے نام بھی پوچھا لیکن انہوں نے بتایا کہ اتحادیوں سے مشاورت نہیں ہوئی ہے،موجودہ حکومت کا پورے سال کا بچٹ پیش کرنے کا اختیار نہیں ہے،صرف چھ ماہ پیش کرسکتی ہے۔

اظہر تھراج

صحافی اور کالم نگار ہیں،مختلف اخبارات ،ٹی وی چینلز میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں