سٹیٹ بینک نے  چینی یوآن کیلئے پاکستان میں ’سیٹ اپ‘ کی اجازت دے دی


24نیوز: چین کے ساتھ ڈالر کی بجائے یوآن میں باہمی تجارت بڑھانے کی کوشش تیز کردی گئیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینک آف چائنا کو پاکستان میں چینی یوآن کی سیٹلمنٹ اور کلیئرنگ کا سیٹ اپ قائم کرنے کی اجازت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کے مطابق چین کے ساتھ مقامی کرنسیوں میں تجارت بڑھانے کے سلسلے میں بینک آف چائنا کو پاکستان میں چینی یوآن کی سیٹلمنٹ اورکلیئرنگ کا سیٹ اپ قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

بینک آف چائنا پاکستانی بینکوں میں چینی یوآن میں اکاؤنٹس کھول سکتا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ اقدامات اُن کوششوں کا حصہ ہیں جو چین کے ساتھ مقامی کرنسیوں میں تجارت کی حوصلہ افزائی کے لیے کی جا رہی ہیں۔

حالیہ ملکی اوربین الاقوامی اقتصادی پیش رفت کو دیکھتے ہوئے توقع ہے کہ یہ اقدام پاک چین تعلقات، پاکستانی معیشت اور بینکاری نظام کے لیے فوائد کا باعث بنے گا۔