اب کی بار کس کی ہو گی بھارت میں سرکار؟ 20 ریاستوں میں پولنگ جاری

اب کی بار کس کی ہو گی بھارت میں سرکار؟ 20 ریاستوں میں پولنگ جاری


نئی دہلی( 24نیوز ) مودی ایک بار پھر حکومت بنائیں گے یا راہول گاندھی کریں گے یلغار؟ بھارتی پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج 20 ریاستوں کے 91 حلقوں میں ووٹنگ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی 20 ریاستوں کے91 حلقوں  میں آج پولنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے، مودی سرکار کی پارٹی( بھارتیہ جنتا پارٹی) اور راہول گاندھی کی جماعت کانگریس میں کانٹے دار مقابلہ جاری ہے،  543نشستوں کی لوک سبھا میں کسی بھی جماعت کو حکومت بنانے کیلئے کم از کم 272 نشستیں درکار ہوں گی، بھارت کی 17 ویں پارلیمان منتخب کرنے کے لئےووٹنگ 7 مراحل میں ہوگی، جبکہ گنتی کا عمل 23 مئی کو شروع ہوگا۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں91 نشستوں کے لئے آندھرا پردیش، آسام، بہار، جموں کشمیر اڑیسہ اور اترپردیش سمیت 20 ریاستوں میں ووٹنگ ہوگی،7مراحل میں ہونے والے عام انتخابات میں90 کروڑشہری اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کے لیے 10 لاکھ پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے،

اگرچہ کئی ریاستوں میں پولنگ کا عمل ایک سے زیادہ مراحل میں مکمل ہو گا لیکن 8 ریاستیں ایسی ہیں جہاں 11 اپریل کو ایک ہی مرحلے میں پولنگ مکمل کی جائے گی، ان میں اُترآکھنڈ، سکّم، ارونا چل پردیش، ناگا لینڈ، میزو رام، میگھالیا، تلنگانا اور آندھرا پرادیش شامل ہیں۔

دوسری جانب بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع ہو نےپرحریت قیادت کی کال پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ یاسین ملک کوکوٹ بھلوال جیل سے بدنام زمانہ تہاڑ جیل منتقل کردیا گیا۔