پیرحمیدالدین سیالوی کوسیاسی قوتیں استعمال کرناچاہتی ہیں: رانا ثناءاللہ


 لاہور (24 نیوز): صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے ختم نبوت کانفرنس پر ردعمل دے دیا، کہتے ہیں پیر حمیدالدین سیالوی کو سیاسی قوتیں استعمال کرنا چاہتی ہیں۔

 

تفصیلات کے مطابق رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ قادیانی غیر مسلم ہیں اور میں انہیں غیرمسلم سمجھتا ہوں، ختم نبوت پر جو یقین نہیں رکھتا وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے۔

 

رانا ثناء اللہ کا 24 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جو مجھے اپنے آستانے بلا کر کلمہ پڑھنے کو کہتا ہے وہ کلمے کا مذاق اڑاتے ہیں، پیر سیالوی صاحب اگر مجھے بلاتے تو اپنی مرضی سے جاتا۔

 

رانا ثنا ء اللہ نے مخالفین کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا کہ کچھ قوتیں پیرحمید الدین سیالوی کو سیاسی مقصد کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہیں، آج کا مجمع تحریک انصاف نے ساتھ مل کر لگایا۔

 

استعفی سے متعلق سوال پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ میرا استعفیٰ تو ساڑھے چار سال سے مانگ رہے ہیں، پہلے کی طرح مزید چند ماہ مقابلہ کریں گے۔

 

جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کے بارے میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ سے کچھ نہیں نکلا، سانحہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ سے بات نہیں بنی تو آصف زرداری، عمران خان اور مصطفیٰ کمال طاہر قادری سے جا ملے۔