دسمبر بھیگ گیا، پنجاب بھرمیں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ


لاہور (24نیوز) بادل ایسے برسے کہ دسمبر بھیگ گیا، لاہور ، راولپنڈی ، فیصل آباد، قصور ،گجرات میں بارش سے سردی کی شدت بڑھ گئی،ملتان ،بورے والا ،بھکر ، چنیوٹ ،گوجرہ ، مظفر آباد میں بھی گھٹائیں جھوم کر برسیں، کالام اور دیامر سمیت پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے، سیاح سیر و تفریح کے لئے شمالی علاقہ جاتے کی طرف نکل پڑے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں داخل ہونے والے بارشوں کے نئے سسٹم نے دسمبر کو رنگین کر دیا، پنجاب کے اکثر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، سردی کی شدت بھی بڑھ گئی۔

لاہور میں بھی کبھی بوندا باندی تو کبھی تیز بارش ہوتی رہی، قصور اورگرد و نواح میں بھی بادل برس پڑے، وہاڑی اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش نے خنکی بڑھا دی۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی ہلکی بارش سے موسم سرد ہوگیا، فیصل آباد، گوجرہ چنیوٹ، جہانیاں اور کہروڑ پکا میں بھی وقفے وقفے سے موسم بھیک گیا، خانیوال، ملتان اورگردونواح میں بھی وقفےوقفے سے بارش سے موسم عاشقانہ ہوگیا۔

رت کیا بدلی لوگوں کا مزاج ہی بدل گیا، سردی کی شدت بڑھنے کے باوجود لوگ سیر و تفریح کے پروگرام بنانے لگے، من پسند ناشتوں کا اہتمام کرلیا گیا،نشیبی علاقوں کے رہنے والوں کو پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑا، فیڈر ٹرپ ہونے مختلف علاقوں میں بجلی بھی غائب رہی۔

پہاڑی علاقوں پر برفباری بھی جاری ہے، بابوسرٹاپ،نانگاپربت اوربٹوگا ٹاپ پر وقفےوقفےسےبرفباری جاری ہے جبکہ مری اورگلیات میں آج موسم سرماکی پہلی برفباری کاامکان ہے۔