اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد

اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد


کراچی ( 24نیوز ) کراچی کے علاقے عزیز آباد میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ اور بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا، ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائی ایم کیو ایم سائوتھ افریقہ سیٹ اپ کے دو گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کی گئی۔

کراچی میں رینجرز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا ، اسلحے اور بارودی مواد کو انتہائی مہارت کے ساتھ مکان کے اندر چھپایا گیا تھا، برآمد کئے گئے بارودی مواد میں 195 رائفل گرینیڈ، 98 ، 40 ایم ایم گرینیڈ، 52 ہینڈ گرینیڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سیفٹی فیوز، آر پی جی، 195 عدد رائفل گرینیڈ، 11 راکٹ، 170 ڈیٹونیٹرز، 17 کلو گرام دھماکہ خیز مواد، گرنیڈ لانچر، دو جی تھری رائفل، چار اسمال مشین گنز اور دیگر جدید ترین اسلحہ شامل ہے۔

برآمد ہونے والے اسلحے، ایمونیشن اور بارودی مواد کی مقدار اتنی زیادہ ہے جسے استعمال کر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لمبی لڑائی کو جاری رکھا جاسکتا تھا۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان مستقیم اور مقیم کو نارتھ کراچی سیکٹر 10 کے سے گرفتار کیا گیا،ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ مارچ 2015 میں ایم کیو ایم کے مرکز 90 پر رینجرز کے چھاپے کے بعد وہ کراچی کے مختلف علاقوں میں روپوش ہو گئے تھے اور مسلسل ایم کیو ایم ساو¿تھ افریقہ نیٹ ورک کے ساتھ رابطے میں تھے۔ ملزم مستقیم نے مزید انکشاف کیا ہے کہ 1992 میں وہ بھارت فرار ہو کر جاوید لنگڑا کے ساتھ رہائش پذ یر رہا۔ جس کے بعد وہ 1993 میں پاکستان واپس آکر تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہو گیا تھا۔

ملزم مستقیم ایم کیو ایم ساوتھ افریقہ کے شجاع الدین عرف بوبی کے ساتھ بھی رابطے میں تھا۔ دونوں ملزمان کو مختلف سیاسی رہنمائوں کی ریکی اور ٹارگٹ کلنگ کا ذمہ بھی دیا گیا تھا، جس کی منصوبہ بندی ملزمان کر رہے تھے۔،ڈی جی رینجرز نے آپریشن میں حصہ لینے والے آفیسرز اور جوانوں کامیاب آپریشن پر مبارک باد دی ہے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer