ورسٹائل و معروف اداکار قاضی واجد انتقال کر گئے


کراچی (24نیوز) معروف اداکارقاضی واجد انتقال کر گئے، قاضی واجد نے کئی لازوال کردار نبھائے، گراں قدر خدمات پر صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

تفصیلات کے مطابق  قاضی واجد 26 مئی 1930 کو لاہور میں پیدا ہوئے، کیرئیر کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا، 25برس ریڈیو پر کام کرنے کے بعد ٹی وی کی طرف آئے ،سیکڑوں ڈراموں اور فلموں میں فن کے جوہر دکھائے۔

خدا کی بستی میں راجا کا کردار ایسا نبھایا کہ ہمیشہ یاد رہے گا ،  تنہا تنہا، دوراہا، سوتیلی، ہوائیں ، مرزا غالب بند روڈ پر، کنارہ مل گیا ہوتا، تعلیم بالغاں ، دھوپ کنارے ، آنگن ٹیڑھا، مہندی قاضی واجد کی یادگار سیریلیز رہیں ۔

قاضی واجد کو 1988 میں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا، 60 سالہ فنی خدمات کے اعتراف میں اعتراف کمال بھی ملا ، قاضی واجد کے انتقال پر ٹی وی اور فلمی کی انڈسٹری سوگ میں ڈوب گئی ۔