فاروق ستار ایم کیو ایم سے مائنس


کراچی (24 نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ فاروق ستار کو بطور کنوینر فارغ کر دیا گیا ہے۔

بہادر آباد میں مشاورتی اجلاس کے بعد رابطہ کمیٹی کے رکن کنور نوید جمیل نے پریس کانفرنس کی اور ڈاکٹر فاروق ستار کو کنوینر شپ سے ہٹانے کا اعلان کیا۔ کنور نوید نے بتایا کے انہوں نے پارٹی کو بچانے کی خاطر فاروق ستار کو منانے کی ہر ممکن کوشش کی، رابطہ کمیٹی فاروق ستار کی خاطر اپنے خط سے دستبردار ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فاروق ستار نے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ان پر ایک نہیں کئی سنگین الزامات ہیں۔ فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کے اعتماد کو نقصان پہنچایا۔ وہ دھوکے باز ہیں، انہوں نے دھوکے بازی سے پارٹی آئین تبدیل کیا۔ فاروق بھائی اب ایم کیو ایم کے ایک کارکن ہیں، اپنی اصلاح کرلیں تو دوبارہ انہیں کنوینر بنایا جاسکتا ہے۔ فی الحال سارے اختیارات خالد مقبول صدیقی استعمال کرینگے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ آج فیصلہ نہ کرتے تو تنظیم پر شب خون مار لیا جاتا۔ سینٹ، رکن قومی و صوبائی اسمبلی کی تنظیم کے آگے کوئی حیثیت نہیں، عوام بتائیں گے کہ یہ فیصلہ تقسیم کا باعث بنے گا یا تعمیر نو کا۔