رابطہ کمیٹی نے خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم کا کنوینر بنا دیا


کراچی (24 نیوز) رابطہ کمیٹی نے خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم کا نیا کنوینر بنا دیا، انہوں نے پہلا حکم دیا کہ کارکن میرے کہنے پر واپس مرکز آجائیں۔ اس سے پہلے کارکن فاروق ستار کے حکم پر پی آئی بی کالونی میں چلے گئے تھے۔

ایم کیو ایم میں مائنس فارمولا ایک بار پھر کام کرگیا، بانی کے بعد پارٹی کنوینر اور سربراہ کو بھی تحریک سے نکال دیا گیا۔ بہادر آباد میں مشاورتی اجلاس کے بعد رابطہ کمیٹی کے رکن کنور نوید جمیل نے پریس کانفرنس کی اور ڈاکٹر فاروق ستار کو کنوینر شپ سے ہٹانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ فاروق ستار نے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ان پر ایک نہیں کئی سنگین الزامات ہیں۔ فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کے اعتماد کو نقصان پہنچایا۔ وہ دھوکے باز ہیں اور دھوکے بازی سے پارٹی آئین تبدیل کیا۔ فاروق بھائی اب ایم کیو ایم کے ایک کارکن ہیں، اپنی اصلاح کرلیں تو دوبارہ انہیں کنوینر بنایا جاسکتا ہے۔ فی الحال سارے اختیارات خالد مقبول صدیقی استعمال کرینگے۔

دوسری طرف فاروق ستار نے کہا کہ میں اتنا نکما اور بد دیانت تھا تو اتنا انتظار کیوں کیا۔ میرے شہیدوں اور لاپتہ ساتھیوں کا سودا کرلیا گیا۔