زینب پورے ملک کی بیٹی تھی،مجرموں کونشان عبرت بنایا جائے:شیری رحمان


اسلام آباد(24نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے قصور واقعے کے خلاف ایوان بالا میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروادیا، پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان کہتی ہیں قصور واقعہ افسوسناک ہے، پنجاب پولیس نے مجرمانہ غفلت کا ثبوت دیا،مجرموں کو پکڑ کر نشان عبرت بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق قصور واقع پر جہاں پورا ملک سوگوار ہے وہیں پیپلزپارٹی نے واقعے کو سینیٹ میں بھی اٹھادیا ہے۔ پیپلزپارٹی نے سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرادیا۔ نوٹس میں وزارت قانون و انصاف کی توجہ قصور میں پیش آئے حالیہ واقعے اور گزشتہ سال پیش آئے واقعات کی جانب مبذول کرائی گئی ہے۔ پیپلزپارٹی رہنما شیری رحمان نے بھی قصور واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مجرمان کو پکڑ کر نشان عبرت بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

شیری رحمان نے پنجاب پولیس کو مجرمانہ غفلت کا مرتکب قرار دے دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی فائرنگ سے لگتا ہے کہ اسے احساس تک نہیں کہ انہوں نے کیا کرنا ہے اور انکا کام کیا ہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ زینب کسی ایک گاؤں یا شہر کی نہیں پورے ملک کی بیٹی تھی۔ پولیس کے مجرمانہ فعل کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ ہمیں یہ سال حقوق کی آگاہی کے حوالے سے منانا ہوگا۔اس طرح کے واقعات کی مہذب اور معاشرے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔