زینب کے قاتل کی نشاندہی کرنے والے کیلئے ایک کروڑ کا اعلان

زینب کے قاتل کی نشاندہی کرنے والے کیلئے ایک کروڑ کا اعلان


لاہور (24نیوز )قصور میں معصوم بچی کا قتل کرنے والے درندے کی نشاندہی کرنے والے کے لیے پنجاب حکومت نے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کردیاجبکہ گزشتہ روز پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دو افراد کے اہل خانہ کو 30,30لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدار ت صوبائی کابینہ کی کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا جس میں قصور واقعے کے بعد شہر میں سیکیورٹی صورتحال سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر متعلقہ اداروں نے قصور واقعے کے حوالے سے اپنی رپورٹس بھی پیش کیں۔

اجلاس میں معصوم بچی کی بازیابی میں تاخیر اور قاتل کی عدم گرفتاری پر وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کو حکم دیا کہ قاتلوں کو فوری گرفتا رکیا جائے۔اس موقع پر شہباز شریف نے قاتلوں کی نشاندہی کرنے والے شخص کے لیے 1کروڑ روپے انعام کا بھی اعلان کیا اور ساتھ ہی قصور میں احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 2افراد کے اہل خانہ کے لیے 30،30لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا جبکہ متاثرہ خاندان کے ایک ایک فرد کو سرکاری نوکری دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔

واضح رہے کہ قصور واقعہ کیخلاف لاہور سمیت مختلف شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، طلبابھی سڑکوں پر آگئے ،ملزموں کو فوری گرفتاراور سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔