پیپلز پارٹی نے تحریک شروع کردی،ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان



اسلام آباد( 24نیوز )سابق صدر آصف  علی زرداری کی گرفتاری کے پیپلزپارٹی میدان میں آگئی،آج سے تحریک کا آغاز کردیا، بلاول بھٹو نے سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کے بعد   ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کی کال دے دی۔

اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس ہو اجس میں حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے آصف زرداری کی گرفتاری کی مذمت کی اور ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کی کال دے دی۔ سی ای سی اجلاس کے دوران ہی ضلعی منتظمین کو احتجاج کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی قیادت کے خلاف حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے خلاف مظاہرے کیے جائیں گے، مظاہرے عوام دشمن بجٹ اور مہنگائی کے خلاف بھی ہوں گے۔

اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی میں شرکت اور متحدہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر چلنے کی منظوری بھی دی گئی۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ملک گیر عوامی رابطہ مہم بھی چلائیں گے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنہیں پھانسی گھاٹ اور بم دھماکے سے نہیں جھکایا جاسکا وہ گرفتاری سے کیوں جھکیں گے؟ بی بی شہید کے بچے کو گرفتاری اور جیل سے نہیں ڈرایا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ میرے والد آصف زرداری عدالتوں کا سامنا کرنےکوتیار ہیں، ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، میں نےکہا تھا کہ مہنگائی پر حکومت کےخلاف عید کے بعد احتجاج کریں گے، ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کو گرانےکا حق عوام کےپاس ہے۔ہم سب نے مل کر پاکستان کو مسائل سے نکالنا ہے، تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ رکھوں گا، مولانا فضل الرحمان جب اے پی سی رکھیں گے ہم شرکت کریں گے، ہم ڈرنے والے نہیں آخری دم تک لڑیں گے، پاکستان اور انسانی حقوق کیلئے لڑتے رہیں گے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer