ن لیگ سے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار کون ؟ فیصلہ آج ہوگا


اسلام آباد(24 نیوز) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے چیئرمین سینیٹ   کے حوالے سے اجلاس طلب کرلیا۔اجلاس میں  پیپلز پارٹی کی جانب سے رضا ربانی کو امیدوار نامزد نہ کرنے کی صورت میں آج اپنے امیدوار کا نام سامنے لانے کا فیصلہ کیا  جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ آج  خصوصی طیارے کے ذریعہ لاہور سے اسلام آباد جائیں گے ، جہاں  نوازشریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوگا جس میں چیئرمین سینیٹ کےلئے رضا ربانی کا نام فائنل ہونے پر اس کی حمایت کی توثیق کی جائے گی۔

نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ ن کا اجلاس آج شام تین بجے طلب کرلیا ہے جس میں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے امیدواروں کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کےجلسوں میں تصویری سیاست شروع ہوگئی

ذرائع کے مطابق نواز شریف پیپلزپارٹی کی جانب سے رضا ربانی کی نامزدگی پر انکو قبول کر لیں گےلیکن اگر پیپلز پارٹی نے رضا ربانی کو نامزد نہ کیا تو  ن لیگ اپنے امیدواروں کا اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں اتحادی جماعتوں نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کا اختیارسابق وزیراعظم نوازشریف کو دیا تھا۔

 نئے چیئرمین سینیٹ کے لیے انتخاب 12 مارچ کو ہو گا جس میں تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی اپنے اپنے امیدوار لانے کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہی ہیں جبکہ عمران خان نے چیئرمین سینیٹ کے لیے بلوچستان سے نامزد ہونے والے امیدوار کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔