پشاور اور بنوں میں دھماکے، 6 افراد جاں بحق، 15 زخمی

پشاور اور بنوں میں دھماکے، 6 افراد جاں بحق، 15 زخمی


(24نیوز) پشاور کے علاقہ بلال ٹاؤن میں واقع ہوٹل میں دھماکہ ، دھماکہ کے نتیجہ میں ایک ہی خاندان کے 5  افراد جاں بحق جبکہ  2 زخمی ہوگئے۔ جبکہ دوسری جانب بنوں میں جنرل بس اسٹینڈ کے قریب  موٹر سائیکل میں نصب  دھماکہ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور 13 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصٰیلات کے مطابق  آفندی ہوٹل کی پانچویں منزل پر گیس سلنڈر کا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ہنگو سے تعلق رکھنے والے ایک ہی گھرانے کے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ سی سی پی او پشاور جمیل الرحمان نے کہا  کہ متاثرہ خاندان علاج کے لیے پشاور آئے تھے ۔  دھماکہ میں زخمی ہونے والے دو بچوں کو تشویشناک حالت میں راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔ انچارج بم ڈسپوزل یونٹ اے آئی جی شفقت ملک نے کہا کہ دھماکہ گیس سلنڈر کا تھا اور جائے وقوعہ سے دھماکا خیز مواد کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔

جاں بحق ہونے والوں میں  کامران، اس کی بیوی، والدہ اور دو بچے شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والے دو بچے کامران کے بھتیجے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیں: انٹرپول نے حسین حقانی کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے کی استدعا مسترد کر دی

جبکہ دوسری جانب بنوں  میں  موٹر سائیکل میں نصب  بم دھماکہ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور 13 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکہ ریموٹ کنٹرول تھا ۔ دھماکہ میں پولیس کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس موبائل جب موٹر سائیکل کے قریب سے گزری تو دھماکہ کیا گیا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ کی شدت اس قدر تیز تھی کہ دور تک اس کی آواز سنی گئی۔

زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچا دیا گیا۔جن میں سے 9 کی حالت خطرے سے باہر اور 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔