پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کی نذر، سیریز برابر

پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کی نذر، سیریز برابر


دبئی(24نیوز) دبئی: پاکستان اور نیوزی لینڈ میں فائنل معرکہ بارش نے جیت لیا۔ پاکستان کا 2011کےبعدنیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈےسیریز جیتنے کا خواب پورا نہ ہو سکا۔ سیزیزایک ایک سے برابر، دونوں ٹیمیں مشترکہ فاتح قراردے دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 280 کا ہدف دیا تھا۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ  نے 6.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 35 رنز بنائے تھے کہ میچ بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا جو دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔

اس سے قبل  دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو محمد حفیظ اور فخر زمان نے اننگز کا  آغاز کیا. 64 کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ 19 رنز بنا کر آؤ ٹ ہوگئے۔ حفیظ کے آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے بابر اعظم آئے لیکن فخر زمان زیادہ دیر تک بابر اعظم کا ساتھ نہ دے سکے اور 98 کے مجموعی اسکور پر شاندار 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد حارث سہیل کریز پر آئے انھوں نے بابر اعظم کا خوب ساتھ نبھایا اور کیویز باؤلرز کو ناخن چبھوا دیئے۔ دونوں نے ففٹی اسکور کی اور 108 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ حارث سہیل 206 کے مجموعی اسکور پر فرگوسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، انھوں نے شاندار 60 رنز بنائے۔ بابر اعظم کا ساتھ دینے تیسرے بیٹسمین شعیب ملک آئے وہ بھی 18 رنز بنا کر چلتے بنے۔ آصف علی اگلے بیٹسمین آئے۔ تاہم بابر اعظم 92 رنز بنا کرکیچ  آؤ ٹ ہوگئے۔فہیم اشرف 5 ، آصف علی 9، حسن علی2 بنا کر آؤٹ ہوئے۔یوں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز بنائے۔

دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ جیت رکھا ہے، پہلے میچ میں مہمان ٹیم نے قومی ٹیم کی ایک نہ چلنے دی اور 47 رن سے شکست دے کر سیریز کا بہترین آغاز کیا،لیکن شاہینوں نے دوسرے میچ میں خوب کم بیک کیا اور کیویز سے بدلہ لیتے ہوئے 6 وکٹوں سے یکطرفہ شکست دی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 21 ون ڈے سیریز کھیلی جاچکی ہیں جس میں سے 13 کیویز اور 7 سیریز میں شاہینوں نے کامیابی حاصل کی۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔