کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کا تہیہ کر رکھا ہے:  چیئرمین نیب


24نیوزچیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ایک بار پھر کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں ادارے کے سربراہ کے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب نے جدید ترین ڈیجیٹل فرانزک سائنس لیبارٹری تیار کی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک اور فنگر پرنٹ جائزہ کی سہولیات موجود ہیں۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے بتایا کہ نیب نے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور نیب پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے آہنی ہاتھوں سے کام لے گی۔انہوں نے بتایا کہ کرپشن میں پاکستان کا نمبر 175 سے کم ہو کر116 پر آ گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین نے کرپشن کے تدارک کے لیے یادداشت پر دستخط کیے ہیں اور دونوں ممالک سی پیک کی شفافیت کے لیے مل کر کام کریں گے۔