بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی 70 ویں برسی


کراچی( 24نیوز )بابائے قوم و بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 70 ویں برسی آج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے،پچیس دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہونے والے قائداعظم محمد علی جناح پیشے کے اعتبار سے نامور وکیل اور سیاستدان تھے۔
انہوں نے 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کے حصول کی جدوجہد شروع کردی،یہ قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں نے 14 اگست 1947ءکو آزاد اسلامی ریاست حاصل کی اور پاکستان وجود میں آیا۔


قائد اعظم محمد علی جناح کے سترویں یوم وفات پر گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت سندھ کابینہ نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ آج عہد کیا ہے کہ قائد کا مشن آگے بڑھائیں گے ڈیمز میں پیپلز پارٹی بھی ساتھ دے، پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر تمام منصوبے مکمل کرینگے ۔


وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، سانحہ بلدیہ کا کیس چل رہا ہے جو لوگ ملوث ہیں ان کو سزا ملنی چاہئے، محرم کے بعد شہر سے اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لئے جامعہ پالیسی بنائی جائے گی ، ہم بھاشا ڈیم کی مخالفت نہیں کررہے کچھ تکنیکی مسائل کا سامنا ہے جبکہ گورنر سندھ نے بھی سندھ حکومت سے ڈیم کی تعمیر کےلئے حصہ ڈالنے کےلئے درخواست کردی۔
دوسری جانب میئر کراچی وسیم اختر اور تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے بھی مزار قائد پر حاضری دیکر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے ۔