سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز انتقال کرگئیں

03:46 PM, 11 Sep, 2018

اظہر تھراج
Read more!

لندن( 24نیوز )سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز انتقال کرگئیں-
تفصیلات کے مطابق کینسر کے مرض میں مبتلا سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز لندن کے ہسپتال میں دوران علاج چل بسیں۔
کلثوم نواز کو گزشتہ رات طبعیت بگڑنے پر دوبارہ وینٹی لیٹر پر ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود تھیں، جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی تھیں۔

بیگم کلثوم نواز 1950 میں پیدا ہوئیں اور اپریل 1971 میں ان کی سابق وزیراعظم نواز شریف سے شادی ہوئی۔ بیگم کلثوم نواز کو 3 مرتبہ خاتون اول رہنے کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ رکن قومی اسمبلی بھی رہیں۔

میت کو لاہور لایا جائے گا

نماز جنازہ کیلئے ان کی میت کو لاہور لایا جائے گا،مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف میت لانے کیلئے لندن جائینگے،وزیر اعظم عمران خان نے لندن ہائی کمیشن کو تمام سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کردی ہے،وزیر اعظم کا کہنا کہ قانون کے مطابق اہلخانہ کو تمام سہولیات فراہم کی جائینگی۔

ویڈیو دیکھیں:

نواز شریف،مریم نواز آبدیدہ
سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اہلیہ کے انتقال کی خبر سن کر آبدیدہ ہوگئے،بیٹی مریم نواز کے آنکھوں کے بندھن بھی ٹوٹ پڑے،دونوں باپ بیٹی کو اڈیالہ جیل میں اطلاع دی گئی۔ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف اور مریم نواز بھی آخری رسومات میں شرکت کی اجازت دی جائیگی،دونوں کی پیرول پر رہائی کا امکان ہے۔

اہم شخصیات کا اظہار افسوس

وزیر اعظم عمران خان نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے،انہوں نے کہا ہے کہ ایک بہادر خاتون تھیں،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند کرے،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی جمہوریت کیلئے پے پناہ خدمات تھیں،وہ ایک بہادر خاتون تھیں۔



مزیدخبریں