بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح کی 71 ویں برسی

بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح کی 71 ویں برسی


کراچی ( 24نیوز ) بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح کی 71 ویں برسی آج عقیدت واحترام کیساتھ منائی جارہی ہے, مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی,مختلف سیاسی و سماجی شخصیات بھی مزار پر حاضری دیں گے۔

مسلمانان ہند کو علیحدہ شناخت اور پاک وطن د لانے والے قائد اعظم محمد علی جناح کی آج 71 ویں برسی عقیدت واحترام کیساتھ منائی جارہی ہے،محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے،اپنی ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ انگلینڈ چلے گئے، جہاں انہوں نے قانون میں داخلہ لیا اور جلد ہی بیرسٹر بن گئے، 1913 میں جناح نے مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور اسے موثر بنانے کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

1940 لاہور میں منعقدہ مسلم لیگ کے 27 ویں سالانہ اجلاس میں قائد اعظم نے دوسرے مسلم رہنماؤں کے ساتھ مسلمانوں کے سیاسی مسائل کا بڑی حد تک تجزیہ کیا، متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی جسے قرارداد لاہور یا قرار داد پاکستان کے نام سے جانا جاتا ہے،مسلمانوں نے قائد اعظم کے ذریعہ فراہم کردہ رہنما اصولوں کے تحت اپنی منظم کوششیں جاری رکھی، ان کوششوں کے نتیجے میں پاکستان 14 اگست 1947 کو معرض وجود میں آیا،قائد اعظم محمدعلی جناح پاکستان کا پہلے گورنر جنرل تھے۔

11 ستمبر 1948 کو مسلمان ہند کو علیحدہ وطن اور شناخت دلانے والے اس عظیم رہنما محمد علی جناح کا انتقال ہوگیا، قوم نے اپنی قوم کے لئے خدمات انجام دینے پر انہیں قائداعظم کا خطاب دیا،قائد اعظم کی وفات کے 71سال بعد بھی ا ن کی وفات کے موقع پر ہزاروں افراد کی ان کی لحد پر حاضری اورشہرشہرمنعقد ہونے والی تقریبات اس امر کی گواہی دیتی ہیں کہ پاکستانی قوم ان سے آج بھی والہانہ عقیدت رکھتی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے یوم وفات پر پیغام میں کہناتھا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کا آزاد وطن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا،بانی پاکستان محمد علی جناحؒ ایک بااصول، انصاف پسند اور جرأت مند مدبر تھے،قائد کا پیغام اتحاد، تنظیم اور ایمان آج بھی پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا ضامن ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

مزار قائد پر حاضری کے موقع پروزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہناتھا کہقائد اعظم محمد علی جناح کی 71 ویں برسی پر خراج تحسین پیش کرنے آیا ہوں، آج ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کو پورا کرنا ہے ،کشمیر میں بھارتی جارحیت کی مذمت کرتا ہوں،کشمیر کے معاملے پر پوری قوم اکٹھی ہے ۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی مزار قائد پر  حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو قومی نظریئے کے تحت آج بھی جنگ لڑی جارہی ہے، قائد اعظم کا ویژن بالکل ٹھیک تھا، کشمیر کا معاملہ عالمی سطح کا  ہےہم سب کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں۔