بھارتی ہٹ دھرمی برقرار،ویمن کرکٹ سیریز کھٹائی میں پڑگئی

بھارتی ہٹ دھرمی برقرار،ویمن کرکٹ سیریز کھٹائی میں پڑگئی


( 24نیوز ) بھارتی ہٹ دھرمی کھیل کے میدانوں میں بھی اپنے اثرات دکھانے لگی،انڈین کرکٹ بورڈ نے خاموشی اختیار کرلی، ویمن کرکٹ سیریز غیر یقینی کا شکار ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق  بھارتی ہٹ دھرمی کھیل کے میدانوں پر بھی اثر انداز ہونے لگی ہے،پاک بھارت ویمن کرکٹ سیریز کے معاملے پر انڈین کرکٹ بورڈ نے خاموشی اختیار کرلی،دونوں کے درمیان سیریز آئی سی سی چیمپئین شپ کا حصہ ہے جس کی میزبانی بھارت نے کرنی ہے، سیریز جولائی سے نومبر تک ہونا ہے۔

انڈین بورڈ نے سیریز کی میزبانی کے لئے اپنی حکومت سے اجازت طلب کر رکھی ہے لیکن بھارتی حکومت نے اجازت دینے کے حوالے سے چپ سادھ لی ہے،

پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سیریز کے حوالے سے بھارت کے ساتھ رابطہ نہیں کرے گا کیونکہ سیریز کرانا بھارت کی ذمہ داری ہے، تاہم بھارت کی جانب سے سیریز کے لیے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا گیا،ماضی میں بھی بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے ساتھ سیریز نہیں کھیلی تھی۔

سیریز نہ کھیلنے کی وجہ سے بھارتی ٹیم کو پوائنٹس پاکستان کو دینے پڑے تھے، آئی سی سی ترجمان کا کہناتھا کہ یہ دو ممالک کے درمیان سیریز ہے، سیریز کے انتظامات کرنا ممبر ممالک کی ذمہ داری ہے،جب پوائنٹس ٹیبل کا معاملہ آئی سی سی کے پاس آئے گا تو اسے حل کیا جائے گا۔