دورہ پاکستان کیلئے سری لنکن ٹیم کا اعلان

دورہ پاکستان کیلئے سری لنکن ٹیم کا اعلان


کولمبو (24 نیوز)سری لنکا نے دورہ پاکستان کیلئے ون ڈے اورٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔سری لنکن وزیرکھیل نے وفاقی وزیرفواد چودھری کا بھارت کی طرف سے کھلاڑیوں کودھمکیوں کا دعویٰ بھی مسترد کردیا۔

پاکستان ون ڈے اورٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کون سے کھلاڑی آئیں گے،سری لنکن بورڈ نے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ لہیرو تھریمانے کو ایک روزہ جب کہ ڈاسن شناکا کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی۔ سری لنکا کے اسکواڈ میں لہیرو تھریمانے، دنوشکا گوناتھیلاکا،سدیرا سمارا وکراما،اویشکا فرنینڈو،اوشاڈا فرنینڈو اور شیہان جے سوریا شامل ہیں۔ ان کے علاوہ مینوڈ بھنوکا، اینجیلو پریرا، ونیندوہسارنگا، لکشن سنداکان، نوآن پرادیپ، ایسورواڈانا، کاسن رجیتھا اور لہیرو کمارا بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ 10 سینئر کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان کے لیے قائل نہ کرسکا جس کے بعد دستیاب کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا،سری لنکن وزیرکھیل نے وفاقی وزیرفوادچودھری کا بھارت کی طرف سے کھلاڑیوں کودھمکیوں کا دعویٰ بھی مسترد کردیاہے۔

سری لنکن ٹیم پاکستان میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچز27 ، 29 ستمبر اور2 اکتوبر کو کراچی جب کہ ٹی 20 سیریز کے تینوں میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو لاہور میں ہو گی۔

Malik Sultan Awan

Content Writer