اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے: فواد چودھری

اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے: فواد چودھری


اسلام آباد(24نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی، پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں تمام پارلیمانی رہنماوں کو شرکت کی دعوت دیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے اعلی سطح کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ان کے گھر میں ملاقات کی۔ وفد میں پرویز خٹک، فواد چوہدری، شفقت محمود، اسد قیصر اور دیگر رہنما شامل تھے۔ ملاقات میں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس سمیت نئے سپیکر کے انتخاب سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

یہ بھی پؑڑھیں: نئی پارلیمنٹ موروثی سیاست کی آماجگاہ بن گئی

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اور نامزد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے سب کو ساتھ لے کر چلیں، ایاز صادق سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور اسی طرح  خوشگوار تعلقات کو برقرار رکھنے کی خواہش ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ چاہتے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انتخابی معاملات پر اپوزیشن کے تحفظات پر بات چیت کی دعوت دی ہے۔ الیکشن سے متعلق تحفظات دور کرنے کو تیار ہیں۔ خورشید شاہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا ہی ملکی مفاد میں ہے۔ احتساب کا عمل چلتا رہنا چاہیے اور ن لیگ کو بھی اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

پڑھنا مت بھولیں: الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما پارلیمانی رہنماوں کو وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب کی دعوت دینے آئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے معاملات مل جل کر چلانے کی دعوت دی گئی ہے۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔