انتظامیہ کی غفلت سے ملتان کے پارک ویران

انتظامیہ کی غفلت سے ملتان کے پارک ویران


ملتان( 24نیوز )ملتان شہر میں موجود تمام پارکس پی ایچ اے کی جانب سے عدم توجہی کا شکار ہو گئے، گلگشت لیڈیز پارک ، قاسم پارک میں پینے کے صاف پانی کی سہولت تک موجود نہیں جبکہ شاہ شمس پارک بھی ویران ہو گیا۔

ملتان میں شہر اولیا کے پارک اجڑے دیار کا منظر پیش کرنے لگے،49 ایکڑ پر مشتمل شاہ شمس پارک میں ویرانیوں نے ڈیرے ڈال لیے اور پارک کی بحالی کے لیے ساڑھے چار کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ چار سال سے خرچ ہی نہ ہو سکے جبکہ شاہ شمس پارک کی بحالی کے لیے دو ہزار چودہ میں ساڑھے چار کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے تھے پی ایچ اے کے پارکس میں موجود واحد جھیل بھی عرصہ دراز سے بند ہے اورجھیل کی بحالی صرف کاغذوں تک محدود ہے جس کے باعث پارک میں سہولیات کی عدم فراہمی سے شہری اہم تفریحی سہولت سے محروم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  سرکاری کالجوں میں فرسٹ ایئر کی میرٹ لسٹیں لگ گئیں

قاسم باغ پارک پی ایچ کی عدم توجہی کا منہ بولتا ثبوت بن گیا، پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے ساتھ ساتھ پارک میں موجود جھولے بھی عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ،،جس کی وجہ سے تفریح کی غرض سے پارک میں آنے والے بچے مایوسی کا شکار ہیں اور انتظامیہ سے جھولوں کو ٹھیک کروانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ملتان کا واحد لیڈیز پارک بھی سہولیات کے فقدان کا شکار ہو گیاہے، واک کی غرض سے آنے والی خواتین کے لئے نماز پڑھنے کی جگہ بھی نا بنائی جا سکی،، پارک میں واٹر کولر تو موجود ہے مگر بجلی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے خواتین گرم پانی پینے پر مجبور ہیں گزشتہ ایک ہفتے سے موٹر خراب ہونے کی وجہ سے گرم پانی تک میسر نہیں۔۔ انتظامیہ کی جانب سے واش رومز کو تالے لگائے گئے ہیں۔خواتین کا کہنا ہے کہ کئی بار شکایت کی ہے مگر انتظامیہ کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ۔