پبلک اکاونٹس کمیٹی کا مسئلہ تا حال حل طلب ، حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈ لاک بر قرار

پبلک اکاونٹس کمیٹی کا مسئلہ تا حال حل طلب ، حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈ لاک بر قرار


اسلام آباد(24نیوز) چئیرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کون ہوگا، حکومت اوراپوزیشن میں ڈیڈلاک برقرار ہے، اپوزیشن رہنماوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات میں ایک بار پھر شہباز شریف کا نام دے دیا،وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان کہتے ہیں حکومت اپوزیشن کو کسی مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتی۔

اپوزیشن رہنماوں نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں پبلک اکونٹس کمیٹی اور قائمہ کمیٹیوں کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مختلف آپشنز پر بات ہوئی، اپوزیشن چئیرمین پی اے سی کیلئے شہباز شریف کے نام سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

رہنما مسلم لیگ ن ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست کی جس پر انہوں نے مثبت جواب دیا ہے.

وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا، چیئرمین پی اے سی اور قائمہ کمیٹیوں کا معاملہ رواں سال حل کریں گے۔

رہنماپیپلزپارٹی نوید قمر نے کہا کہ نواز حکومت کے آڈٹ کا جائزہ لینے کیلئے حکومت کو صدارت کی تجویز دی ہے، چیئرمین پی اے سی کیلئے متبادل نام پر غور نہیں ہوا۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔