مہنگائی میں ہوشربا اضافہ، روز مرہ کی اشیا کئی گنا مہنگی


کراچی (24نیوز) منافع خوری کا جن بوتل سے باہر آ گیا،روز مرہ استعمال کی اشیا مہنگی ہوگئیں، ایک ہفتے کے دوران کھانے پینے کی 17 اشیا کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔

پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران مارکیٹ میں آٹا، چاول، گھی، دال مونگ، دال مسور، دال چنا، گوشت کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا، لہسن، کیلے، دیہی اور کوکنگ آئل بھی مہنگا ہو گیا۔

گزشتہ چند ہفتوں سے ہونے والی مہنگائی کے باعث مارکیٹ میں پیاز گزشتہ سال سے 95 فیصد، ٹماٹر 70 فیصد اور آلو 38 فیصد مہنگے ہو گئے،، چکن کی قیمت 41 فیصد، چاول کی 15 فیصد، گوشت کی قیمت 11 فیصد بڑھ گئی۔

مٹی کا تیل گزشتہ سال سے 33 فیصد، پیٹرول 23 فیصد، ڈیزل 19 فیصد اور ایل پی جی 22 فیصد مہنگی ہو چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مارکیٹ میں کھانے پینے اور روز مرہ استعمال کی 53 بنیادی اشیا میں سے 35 اشیا گزشتہ سال جنوری کے مقابلے میں مہنگی ہو چکی ہیں، جبکہ جنوری کے دوسرے ہفتے کے دوران مجموعی طور پر ہفت روزہ بنیاد پر مہنگائی میں اضافے کی اوسط شرح 3.06 فیصد رہی۔