زینب کے قاتل کے پتلے کو پھانسی

زینب کے قاتل کے پتلے کو پھانسی


کراچی (24 نیوز) شہرِ قائد میں شاہراہ فیصل پر "فکس اٹ" کی جانب سے قصور واقعہ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ احتجاج میں شریک ہونے والوں نے اس دوران ملزم کے پتلے کو پھانسی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق معصوم مقتول زینب کو درندگی کا نشانہ بنائے جانے اور بعد ازاں قتل کیے جانے پر روشنیوں کے شہر میں اس اندھیر کے خلاف فکس اٹ کی جانب سے احتجاج کیا گیا جس میں زینب کے قاتل کے پتلے کو پھانسی دی گئی۔

24 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ ایک کڑی ہے جس کی ہم نے شروعات کی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اور رانا ثناء اللہ زینب کے قتل میں برابر کے شریک ہیں۔ ہم تین دن کی مہلت دیتے ہیں اگر تین دن کے اندر زینب کو انصاف نہ ملا تو نیشنل ہائی وے بند کر دیں گے۔

فکس اٹ کی جانب سے احتجاج کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔