"جس پر 121کیسز ہوں اس کو احتساب کرتے شرم آنی چاہیے"


لاہور(24نیوز) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا کہ روہڑی ریلوے اسٹیشن پر نیا پلیٹ فارم بنانے جارہے ہیں, نوازشریف اور شہبازشریف کا صاحب کے بغیر نام نہیں لیا.

 تفصیلات کے مطابقوفاقی وزیرریلوے شیخ رشید  نےلاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کہا کہ روہڑی ریلوے اسٹیشن پر نیا پلیٹ فارم بنانے جارہے ہیں،اب بغیرٹکٹ سفرکرنے والوں کےخلاف کارروائی ہوگی، ریلوے اسٹیشنزپر ریلوے پولیس ٹکٹ چیک کرے گی، ٹرینوں میں صفائی کی شکایات پر نوٹس لیا ہے،ان کاکہنا تھاکہ نان سٹاپ ٹرینوں سے 2 ہفتے میں 10کروڑ کا فائدہ ہوا، دومال گاڑیاں چلائی ہیں مزید 2گاڑیاں چلائیں گے،2019پاکستان کی ترقی کا سال ہے، عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا، وزیراعظم عمران خان ملک کو بحران سے نکالیں.

 ان کا کہنا تھا کہ دوستی اور دشمنی بھی ایک نمبر ون سے کرتا ہوں، شہبازشریف کے معاملے پر پیرکو وزیراعظم کو خط لکھوں گا، نوازشریف اور شہبازشریف کا صاحب کے بغیر نام نہیں لیا، ان کی بیٹیوں کا بھی احترام سے نام لیتا ہوں، میں مسلم لیگ ن کا کوئی مستقبل نہیں دیکھ رہا، دودھ کی رکھوالی پر بلا نہیں بیٹھ سکتا، جس پر 121کیسز ہوں اس کو شرم آنی چاہیے احتساب کرتے ہوئے, پاکستان کی تاریخ میں چار، پانچ مرتبہ وزیراعظم رہنے والاآدمی سزا ہوااس کی حمایت کے لئے لاہور سے پانچ افراد نہیں نکلے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ  چیئرمین پی اے سی کے خلاف میں سپریم کورٹ میں جارہا ہوں ان کے خلاف میں خود سپریم کورٹ میں کیس لڑوں گا،پی ٹی آئی اپنا ممبرڈراپ کرےمجھے پی اے سی میں شامل کرےتاکہ میں خود ن لیگ کااحتساب کروں، مولانا فضل الرحمان میرے لیے قابل احترام ہیں۔

صحافی کے کسی سوال پر وزیرریلوے شیخ رشید بھڑک اٹھے ، وزیرریلوے نے صحافی کو جواب دیا کہ آپ مجھ سے سوال کرسکتے ہیں، نصیحت نہیں کرسکتے۔