جنرل قمر باجوہ افغان صدر، جنرل نکلسن سے ملاقات کے بعد پاکستان پہنچ گئے


اسلام آباد ( 24 نیوز ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ دورہ کابل کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ سربراہ پاک فوج نے کابل میں افغان صدر اشرف غنی اور اتحادی فوج کے کمانڈر جنرل جان نکلسن سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کابل کا ایک روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ آرمی چیف نے افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر کابل کا دورہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی سے اغوا ہونیوالی طالبہ پاک بھارت بارڈر کے قریب سے بازیاب 

دورے کے دوران آرمی چیف نے افغانستان کے صدر اشرف غنی سے ون آن ون ملاقات کی۔ جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ جنرل قمر باجوہ نے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور کمانڈر اتحادی فوج جنرل جان نکلسن سے بھی ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق رمضان اور عید کے لیے اقدامات کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امن کے لیے اقدامات پر افغان حکام کو مبارکباد پیش کی۔

پڑھنا نہ بھولیں: عمران خان کا سعودی عرب میں پرتپاک استقبال ،مقدس سرزمین پر ننگے پاؤں اترے 

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دیر پا امن کا خواہاں ہے۔ پاکستان نے امن و استحکام کی کوششوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں، اب سماجی اور اتقصادی ترقی کے لیے قدم بڑھارہے ہیں۔ پاک افغان بارڈر پر باڑ دہشتگردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے ہے۔

افغان صدر نے دیرپا امن کے استحکام کے لیے تعاون پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ افغان صدر نے علاقائی ترقی، سیز فائر سے متعقلہ امور پر بھی گفتگو کی۔ ملاقاتوں میں افغان مفاہمتی عمل اور داعش کے خلاف اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔