نواز شریف پر جوتا پھینکنے کا واقعہ، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج


سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف پر گزشتہ روز لاہور میں جوتا پھینکنے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

نوازشریف پر جوتا پھینکنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ تھانہ قلعہ گوجر سنگھ میں اے ایس آئی اکبر کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں ملزمان منور،عبدالغفور اور محمد ساجد کو نامزد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف پر جوتا پھینک دیا، سیاسی و مذہبی رہنماؤں کا شدید الفاظ میں اظہار مذمت

مقدمہ میں 16 ایم پی او، 506 اور 355 کی دفعات شامل کی گئی ہیں جب کہ اس کے متن میں کہا گیا ہےکہ ملزمان نے نوازشریف کی شہرت خراب کرنے کے لیے حملہ کیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو آج مقامی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، تینوں ملزمان سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق مرکزی ملزم منور 4 سال پہلے جامعہ نعیمیہ سے فارغ التحصیل ہوا تھا جب کہ عبدالغفور اور ساجد اُس کے سہولت کار تھے۔

 پولیس نے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔عدالت نے ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔