انسداد دہشتگردی عدالت کا بڑا فیصلہ، چھوٹو گینگ اپنے انجام کو پہنچ گیا

 انسداد دہشتگردی عدالت کا بڑا فیصلہ، چھوٹو گینگ اپنے انجام کو پہنچ گیا


راجن پور ( 24 نیوز ) انسداد دہشتگردی عدالت ملتان کا بڑا فیصلہ،  چھوٹو گینگ کے 20 ملزمان کو 18، 18 مرتبہ سزائے موت جبکہ دو ملزمان کو 19, 19 مرتبہ عمر قید کی سزا سنادی۔ 

راجن پور میں کچے کے علاقے میں دہشت کی علامت سمجھا جانے والا چھوٹو گینگ اپنے انجام کو پہنچ گیا، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک خالد محمود نے قتل ،اغواءبرائے تاوان اور دہشتگردی سمیت مختلف سنگین نوعیت کے مقدمات میں پکڑے جانے والے 22 ملزمان کے خلاف فیصلہ سنا دیا ہے، سینٹرل جیل ملتان میں ہونے والی سماعت میں عدالت نے 20 ملزمان کو 18،18 مرتبہ سزائے موت جبکہ دو ملزمان جن کی عمریں 18 سال سے کم ہیں ان کو 19, 19 مرتبہ عمر قید کا حکم سنا دیا۔

یاد رہے 13 اپریل 2016 کو گرفتار ہونے والے ملزمان کے خلاف تھانہ بنگلہ اچھا میں 10 مقدمات درج تھے، ملزمان نے ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکاروں کو شہید ،سات کو زخمی جبکہ 22 اہلکاروں کو یرغمال بنایا تھا۔ ملزمان سے 12 ہینڈ گرنیڈ،چار راکٹ لانچرز اورکثیر تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا۔

سزائے موت پانے والےملزمان میں غلام رسول عرف چھوٹو، نادر، دین،خالدعرف خالدی، اسحاق عرف بلال، اکرم عرف اکری،غلام حیدر، حاکم، رزاق، ماجد، ناصر، شیر خان، جمعہ عرف بھٹہ، رشید،بہرام، بشیر،عبد الواحد،مجیب الرحمٰن،حسین بخش اور پیارا شامل ہیں جبکہ صمد اور قاسم کو انیس انیس مرتبہ عمر قید کی سزا کا حکم جاری ہوا، عدالت نے تمام ملزمان کو 62,62 لاکھ روپے جرمانہ اورتمام جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم بھی دیاہے۔