رمضان المبارک میں مہنگائی کا طوفان تھمنے لگا

 رمضان المبارک میں مہنگائی کا طوفان تھمنے لگا


اسلام آباد(24 نیوز) رمضان المبارک کے سستے بازاروں میں سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔  پھلوں کی قیمتیں برقرار ہیں، قیمتوں کی کمی پر شہر اقتدار کے باسی خوش مگرمعیار اچھا نہ ہونے پر نالاں ہیں ۔

رمضان المبارک کے شروع ہوتے ہی مہنگائی کی سوغات ملنے پر عوام نے حکومت کو خوب آڑے ہاتھوں لیا جس کے نتیجے میں پچھلے ہفتے کی نسبت اس ہفتے سبزیوں کی قیمتوں میں کمی ضرور نظرآئی۔ سو روپے کلو فروخت ہونے والی بھنڈی پچا س، ٹماٹر ستر سے چھپن، شملہ مرچ سو سے پچاس روپے کلو فروخت ہو رہی ہے مگر پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں جو غریب عوام کی قوت خرید سے باہر ہیں۔

ماہ صیام میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا لیموں پانچ سو روپے کلو سے کم ہو کر تین سو اڑتالیس روپے فروخت ہو رہا ہے جس کے خریدار بہت کم ہیں ۔سستے رمضان بازاروں شہریوں نے اشیا کے معیار پر تحفظات کا اظہار کیا ۔ ان کا کہنا ہے کہ سستے رمضان بازاروں سے متعلق ہر بار کی طرح انتظامیہ کے دعوے حقائق کے برعکس ہوتے ہیں۔