وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے آبائی علاقے کے دورے کا اعلان کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے آبائی علاقے کے دورے کا اعلان کر دیا


لاہور ( 24 نیوز ) وزیراعلیٰ پنجاب 16نومبرسے ڈی جی خان کا 3 روزہ دورہ کریں گے، عثمان بزدار اپنے قیام کے دوران مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بالاخر دورہ ڈیرہ غازی خان کا فیصلہ کرلیا۔وہ  16نومبرسے ڈی جی خان کا 3 روزہ دورہ کریں گے۔وزیر اعلیٰ اپنے قیام کے دوران مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گے، اس دورے کے دوران سردارعثمان بزدار ارکان اسمبلی اور علاقہ عمائدین سے بھی ملیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب 16نومبرکو ٹیچنگ ہسپتال کے 359بیڈز پر مشتمل نئے بلاک کا افتتاح کریں گے۔

یاد رہے بحثیت وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا اپنے آبائی علاقے کا  یہ پہلا دورہ ہوگا، اسی لیے یہ دورہ نہایت اہمیت کاحامل ہےکیونکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا تعلق ڈیرہ غازی خان کےپسماندہ ترین علاقے سےہے، جہاں بجلی، گیس، صحت، تعلیم اور پانی کی قلت جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ روہی کے باسیوں کو عثمان بزدار سے خاصی امیدیں وابستہ ہیں۔

چند دن پہلے وزیر اعظم عمران خان نے عثمان بزدار کو   1992کرکٹ ورلڈ کپ کی پاکستانی فتح میں کلیدی کردار ادا کر نے والےوسیم اکرم سے تشبیح دی تھی اور امید ظاہر کی تھی کہ انکی نمائندگی سے جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ازالہ ممکن ہو سکے گا۔