اوپن یونیورسٹی، انگریزی کا پرچہ آؤٹ

اوپن یونیورسٹی، انگریزی کا پرچہ آؤٹ


لاہور ( اکمل سومرو ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی غفلت، ایک مہینے میں تیسرا پرچہ آؤٹ ، آج بی اے انگریزی کا پرچہ شروع ہونے سے پہلے ہی آؤٹ ہوگیا، بی اے انگریزی کا پرچہ منسوخ کر دیا گیا۔

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تحت گریجویشن کی سطح پر سالانہ امتحانات جاری ہیں تاہم یونیورسٹی کنٹرولر کی نا اہلی اور موبائل انسپکٹرز کی غفلت کے باعث امتحانات کے پرچے مسلسل آؤٹ ہو رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آج بی اے انگریزی کا پرچہ لیا جانا تھا تاہم پرچہ شروع ہونے سے پہلے ہی آؤٹ ہو گیا اور امتحان شروع ہونے پہلے منسوخ کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

اوپن یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات کی جانب سے جاری ہونے والے موبائل میسج کے مطابق پرچہ ناگزیر وجوہات کی بناء پر منسوخ کر دیا گیا ہے اور انگریزی کا پرچہ دوبارہ لینے کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کرنے کا کہا گیا ہے۔

اوپن یونیورسٹی کے تحت گزشتہ ایک مہینے میں آؤٹ ہونے والے پرچوں کی تعداد تین ہو چکی ہے اس کے باوجود وائس چانسلر ڈاکٹر عبد القیوم کی جانب سے متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔ بی اے انگریزی کا پرچہ لاہور ریجن سمیت ملک بھر میں منسوخ کیا گیا ہے۔