پاکستان نے قرض کیوں لیا؟امریکہ نے وجہ بتادی


واشنگٹن( 24نیوز ) امریکا نے پاکستان کے آئی ایم ایف کے پاس جانے کی وجہ چینی قرضوں کا بوجھ قرار دے دیا، ادھر آئی ایم ایف کی سربراہ کا کہنا ہے قرضوں کوشفاف بنانے کیلئے پالیسی کا اطلاق پاکستان سمیت تمام ممالک پر لاگو ہوتاہے۔

واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نورئٹ نے کہا کہ چینی قرضوں کے بوجھ کے سبب پاکستان کوآئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا ہے، معاملے کا پاکستان کے موقف سمیت تمام پہلوﺅں سے جائزہ لے رہے ہیں، یہ بات واضح نہیں کہ اگر آئی ایم ایف قرض دے گا تو کن شرائط پر دے گا اور آیا انہیں عوام کے سامنے لایا جائے گا یا نہیں، انہوں نے زور دیا پاکستان کی پوزیشن کو ہر زاویے سے دیکھا جائے گا، ہیدر نورئٹ کا کہنا تھا کہ ممکن ہے حکومتوں کا خیال ہو کہ بیل آﺅٹ کے لیے یہ قرض اتنا بوجھل نہیں ہوگا مگر اب سخت تر ہوتا جارہا ہے۔

دوسری جانب آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لوگارڈ نے کہا ہے کہ قرضوں کی شفافیت صرف پاکستان کے لئے نہیں اس کا اطلاق تمام قرض مانگنے والے ممالک پر ہوتا ہے، تاکہ قرضوں سے متعلق رکن ممالک کو متفق کیا جاسکے، کرسٹین لوگارڈ نے یہ بھی کہا کہ آئی ایم ایف اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے سے متعلق بھی تکنیکی معاونت بھی فراہم کرتا ہے، ادارے کی کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ رکن ممالک کو یہ معاونت فراہم کی جائے۔